علی اکبر: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کی مثبت شرح میں کمی آئی ہے۔ عید کے دنوں میں محکمہ صحت کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔
ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر الائیڈ محکمے کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا اموات کے پیش نظر عید سادگی سے منائیں۔ کورونا کی مثبت شرح میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ویکسی نیشن کے عمل کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ویکسی نیشن سنٹر بنا دیا ہے جبکہ بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشدکا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، فیصل آباد 17، سرگودھا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 16 فیصد ہے۔ راجن پور25،رحیم یار خان میں 23 فیصد، چنیوٹ 20، چکوال میں 18، خانیوال اور منڈی بہاؤالدین میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد ہے۔ راولپنڈی 9، ملتان 8، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ہے۔ لاہور میں کئی جگہوں پر اسمارٹ ڈاؤن نافذ ہے۔ لاہور 90 ہزار اور ملتان میں 2800 کی آبادی پر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ ٹوٹل 2 لاکھ 47 ہزار آبادی پر اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویکسی نیشن سینٹر عید کی چھٹیوں کے علاوہ کھلے رہیں گے جبکہ ریسٹورنٹ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کر سکیں گے۔ چاند رات بازار پر پابندی سمیت پارکس اور سیاحتی مقامات پر پابندی عائد ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد شہری ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں ، ڈاکٹر یاسمین راشد مزار بھی بند رہیں گے ، ڈاکٹر یاسمین راشد ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہے۔ ٹرانسپورٹ کیلئے ہم نے ایک دن بڑھا دیا ہے، ٹرانسپورٹ پر کل شام 6 کے بعد پابندی عائد ہو گی، ٹرانسپورٹ پر پابندی 15 مئی صبح 6 بجے سے کھلے گی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے وار جاری ہیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں متعدد افراد موذی وائرس کےباعث جان کی بازی ہار گئے، شہر میں 763نئےکورونامریضوں کی تصدیق ہو ئی ہے۔ اب تک 2 ہزار 778 ہیلتھ کیئر ورکرز وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں لاہور میں کورونا مزید 24قیمتی جانیں نگل گیا جس کے بعد شہر میں کورونا اموات کی کل تعداد 3 ہزار 693 ہو گئی ہے۔ہیلتھ کیئر ورکرز میں کورونا پھیلاؤ کی شرح 12 فیصد تک جا پہنچی ہے۔