مال روڈ (ملک اشرف) لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام 120 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی سنیارٹی میں اضافہ، سات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی سنیارٹی میں ایک درجہ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ اور سیشن جج لاہور سمیت،113 سیشن ججز کی سنیارٹی میں 3 درجہ اضافہ ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر، صفدر سلیم شاہد اور محمد شکیل کے ہائیکورٹ کا جج بننے کے بعد نئی سنیارٹی لسٹ مرتب کی گئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری سے سیشن ججز کی نئی سنیارٹی لسٹ مرتب کی گئی ہے، نئی لسٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سجاد حسین سندھڑ اور رجسٹرار ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد کی سنیارٹی میں تین، تین درجہ اضافہ ہوا۔ رجسٹرار ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ 20 ویں نمبر پر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سجاد حسین سندھڑ سنیارٹی میں 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
نئی سنیارٹی لسٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صہیب رومی سنیارٹی میں پہلے، سیشن جج راجہ محمد ارشد دوسرے ، سیشن جج مسرور زمان تیسرے، سیشن جج حبیب اللہ عامر چوتھے اور چوہدری ہمایوں امتیاز پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، سنیارٹی میں اضافہ پانے والے دیگر ججز سمیت سب سے جونیئر ترین سیشن جج صادق مسعود صابر بھی سنیارٹی میں تین درجہ اضافہ کے بعد 120 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔