( حسن علی)کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، مہنگائی کے ہاتھوں ستائی ہوئی عوام کے لئے خوشخبری آگئی، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے 15 روزے گزرنے کے بعد رمضان پیکج کے تحت درجہ دوم اور درجہ اوم کے کولنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے کی کمی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو پندرہ روزے گزرنے کے بعد عوام کا خیال آ ہی گیا اور یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے درجہ دوم اور درجہ سوم کے کولنگ آئیل کی قیمت میں 20 روپے کی کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جسکے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈ کے کولنگ آئل 195 روپے فی لیٹر میں فروخت ہونے لگے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر کوکنگ آئل کی قیمت میں کمی کے حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کوکنگ آئیل کی قیمت میں کمی خوش آئند ہے تاہم حکومت دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی کرے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلف مل سکے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کی گئی کمی چاند رات تک جاری رہے گی جبکہ عید کے بعد قیمتیں دوبارہ سے بڑھا دی جائیں گی۔علاوہ ازیں مشروبات کی قیمت میں 5 روپے کمی کر دی ،قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری کردیا گیا ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے کوکنگ آئل اور مشروبات سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ،سافٹ ڈرنک ڈیڑھ لٹر بوتل کی قیمت 78 روپے ہو گی ۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے عوامی سہولت کے پیش نظر یوٹیلیٹی سٹورز کے اوقات بڑھانے کا حکم دیا جس کے مطابق پنجاب میں اب یوٹیلیٹی سٹورز صبح 9سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مراسلہ جاری کر دیا۔مراسلہ کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کے اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا تاکہ شہری افطار کے بعد بھی خریداری کر سکیں، تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سرکاری نرخ واضح آویزاں کیے جائیں گے جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گاہکوں کے لیے سینی ٹائزرز کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔