سٹی42: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ہمیں امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر پاکستان انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے، اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کریں گی۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوسری مرتبہ پاکستان کے صدرِ مملکت منتخب ہو گئے ہیں۔آصف علی زرداری کو آج منعقد ہونے والے صدرِ مملکت کے الیکشن میں 255 ووٹ ملے۔ انہوں نے اپنے مقابل سینئیر سیاستدان محمود خان اچکزئی کو دو گنا سے بھی زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے کر صدرِ مملکت کے منصب پر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں دوسری مرتبہ صدرِ مملکت کے جلیل القدر منصب پر فائض ہونے والی واحڈ شخصیت ہیں۔