راؤ دلشاد حسین: جہانگیر ترین گروپ کے ارکان نے ملک نعمان لنگڑیال کی قیادت میں چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی اور انہیں مائنس بزدار ایجنڈے سے آگاہ کردیا۔
جہانگیر ترین گروپ کی سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سے ان کی رہائش گاہ ظہور الہیٰ پیلس میں ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملک نعمان لنگڑیال، عون چودھری، لالہ طاہر رندھاوا، عبدالحئی دستی اور اجمل چیمہ بھی شریک تھے۔ واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی نے جہانگیرترین گروپ کو ملاقات کی دعوت دی تھی ۔
صوبائی وزیر پنجاب نعمان لنگڑیال نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے مخلص ساتھیوں کو مایوس کیا۔ ہمارے گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں۔جہانگیر ترین سے رابطہ میں ہیں۔ تمام تر صورتحال سے ان کو آگاہ کررہے ہیں ۔
اس موقع پر پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں سے باہمی مشاورت کرکے ہی تمام فیصلے کریں گے۔