سٹی 42: وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کیساتھ کھڑا ہونا ہے یا نہیں ؟ ناراض پی ٹی آئی رکن علیم خان اہم ترین مشاورت کیلئے جہانگیر ترین سے ملنے لندن چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق ناراض پی ٹی آئی رکن عبدالعلیم خان لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے اور انہیں اراکین اسمبلی سے رابطوں سےمتعلق حالیہ پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیراعظم اور علیم خان کے درمیان ملاقات کروانےکیلئے کافی متحرک ہوئے لیکن وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہ ہوسکے۔
گذشتہ روز علیم خان کے پرانے دوست اور گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیراعظم کی ہدایت پر ہنگامی دورے پر اسلام آباد سے لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے علیم خان سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی۔ جس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل اسلام آباد میں وزیراطلاعات فوادچودھری کے ہمراہ دوبارہ وزیراعظم عمران خان سے ملے اور انہیں علیم خان کیساتھ ہونے والے بات چیت کے حوالے سے اعتمادمیں لیا۔
ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کو علیم خان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ جبکہ علیم خان نے جہانگیرترین سے مشاورت تک کا وقت مانگ لیا ہے۔
قبل ازیں سندھ ہاؤس میں عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں ترین گروپ کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ عمران اسماعیل نے فواد چودھری کو علیم خان سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔