(جنید ریاض)سرکاری سکولوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایک ہی ٹیب پر سینکڑوں بچوں کے ایل این ڈی ٹیسٹ کی مشقیں جاری ہیں جس کے باعث تیسری جماعت کے سینکڑوں اساتذہ و طلباءمیں کورونا پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم مزید بچوں کو میں کورونا ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔ سرکاری سکولوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ٹیب پر ایل این ڈی ٹیسٹ کی مشقیں جاری ہیں۔
کلاس سوئم میں موجود سینکڑوں طلباءباری باری ایک ہی ٹیب پر پریکٹس کر رہے ہیں۔سکولوں میں ایک ہی ٹیب پر سینکڑوں طلبائ کا ٹیسٹ لینے کے باعث کرونا مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ اساتذہ و طلباءکو کرونا سے بچانے کے لیے لٹریسی اینڈ نمریسی ٹیسٹ کو موجود تعلیمی سیشن کیلئے معطل کیا جائے تاکہ مزید اساتذہ و طلباءکو کرونا ہونے سے بچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سرکاری سکولوں میں بچوں کو کورونا سے بچانے کیلئے فنڈ نہ ملنے کا انکشاف بھی ہوا تھا۔سکولوں میں بچوں کو کورونا سے احتیاطی تدابیر کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے راوں سال 9 ارب 70 کروڑ کے فنڈ مانگے تھے مگرآٹھ ماہ گزر گئے محکمہ خزانہ پنجاب نے سرکاری سکولوں کے لیے ایک پائی بھی جاری نہ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے محکمہ خزانہ کو 9.7 ارب روپے کا تخمینہ بنا کر بھیجا تھالیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ فنڈ محکمہ سکول ایجوکیشن کو ابھی تک نہیں ملے۔