(عظمت مجید)شہر بھر میں گرمی کی شدّت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ایسے میں ہر کوئی متعدد بیماریوں اور پیٹ سے جڑی شکایتوں میں گھِرا نظر آتا ہے, ماہرین کا کہناتھا کہ تپتے موسم میں مشروبات کے استعمال سے گرمی کے سبب پیش آنے والے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر کے گرمیوں کو بہتر انداز میں گزارا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے جسم میں پانی کی مقدار کا برقرار رہنا بھی نہایت ضروری ہے، گرم مہینوں کے آتے ہی تیز دھوپ، تپتی دوپہر، گرمی اور لو کی وجہ سے جسم کے درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں جسم میں پانی کی کمی کے سبب دیگر مسائل کا سامنا رہتا ہے۔
ماہرین کا کہناتھا کہ سادہ پانی کی مقدار بڑھائیں جبکہ جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہر انسان کو خواہ بچہ ہو یا بوڑھا، مرد ہو یا عورت گرمیوں کے آغاز سے ہی سادہ پانی کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، اس دوران زیادہ میٹھے اور پروسیسڈ، ڈبے کے مشروبات سے پرہیز کریں اور باہر جاتے وقت اپنے جسم کو اچھی طرح ڈھانپ کر جائیں۔
آج لاہور میں سورج کا مزاج انتہائی گرم رہا، دن کے اوقات میں پارہ 44 ریکارڈ کیا گیا جبکہ سورج کی تپش نے زمین اور فضا کی حدت بڑھا دی، دن کے اوقات میں گرمی سے شہری بری طرح متاثر ہوئے جبکہ رات کے اوقات میں بھی پارہ 35 تک جائے گا، موسم کا احوال بتانے والوں نے پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہواوں کے ساتھ سسٹم آج پنجاب کا رخ کرے گا جو پنجاب کے میدانی علاقوں میں اندھی لائے گا جبکہ رواں ہفتے لاہور میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی جا رہی جبکہ طبی ماہرین کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی کی جا رہی ہیں۔