سٹی 42: لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے رہائی کے لیے جاوید لطیف کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ خیال رہے کہ ن لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیان دینے کا مقدمہ ہے۔ لاہور کی سیشن عدالت نے آج جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ایک روز قبل بھی جاوید لطیف کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر کل چار سماعتیں ہوئیں۔ خیال رہے کہ ریاست مخالف بیان دینے پر جاوید لطیف کو 27 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا اپنے ٹویٹرپیغام میں کہنا تھاکہ جاوید لطیف کی ضمانت ہو گئی۔ الحمدُللّہ! تکلیف اور مشکل تو آئی مگر ان کا سیاسی قد بہت بڑھا گئی۔ اگر کامیابی حاصل کرنا ہے تو حق گوئی اور بہادری ہی نسخہ ہے!
جاوید لطیف صاحب کی ضمانت ہو گئی۔ الحمدُللّہ! تکلیف اور مشکل تو آئی مگر ان کا سیاسی قد بہت بڑھا گئی۔ اگر کامیابی حاصل کرنا ہے تو حق گوئی اور بہادری ہی نسخہ ہے!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) June 9, 2021