(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی پرویز اختر کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک نے پرائمری سکول ٹیچر شاہد علی زیدی کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سنیارٹی اور میرٹ کے مطابق وہ محکمانہ ترقی کا حقدار ہے، افسران کو درخواستیں دیں، شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔درخواستگزارنے استدعا کی کہ حکم عدولی پر سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو زیر التواء عرضداشت پر فیصلے کا حکم دیا، عدالت کے 20 اپریل 2021 کے حکم کی تعمیل نہیں کی گئی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈائریکٹر ایل ڈی اے معظم رشید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جسٹس شاہد وحید نے محمد نسیم کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وراثتی اراضی کا انتقال اسکے نام نہیں کیا جا رہا، افسران کو درخواستیں دی شنوائی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت کے 14 مئی کے حکم کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر ڈائریکٹر ایل ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔