نادرا کا سپیشل ملازم تبادلے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

نادرا کا سپیشل ملازم تبادلے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) وزیراعلی شکایات سیل اور ڈی جی نادرا لاہور کے پاس شنوائی نہ ہونے پر نادرا کا معذور نائب قاصد زبیر مزمل دلبرداشتہ ہوگیا، نادرا ایبٹ روڈ آفس میں تعینات معذور نائب قاصد زبیر مزمل کا کہنا ہے کہ وہ بسوں میں دھکے کھاکر آفس پہنچتا ہے، اعلیٰ حکام نوٹس لیکر گھر کے قریب واقع سنٹر میں تبادلہ کردیں۔

زبیر مزمل کا کہنا ہے کہ وہ معذور کوٹہ پر بھرتی ہوا، صحیح بول بھی نہیں سکتا، چلنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ معذور نائب قاصد نے ڈی جی نادرا سے اپیل کی ہے کہ گھر کے قریب واقع نادرا سنٹر میں تبادلہ کردیں۔ زبیر مزمل نے کہا کہ وہ بسوں میں سفر کرکے جسمانی اذیت سے گزر کر روزانہ ایئرپورٹ کے علاقہ سے ایبٹ روڈ جاتا ہے۔

ڈی جی نادرا کو 5 ماہ قبل درخواست دی کہ ضرار شہید روڈ نادرا سنٹر میں تعینات کردیں تاہم تاحال شنوائی نہیں ہوئی۔ نائب قاصد نے عاجز آکر وزیراعلیٰ شکایات سیل کے انچارج زین شیخ کو درخواست دی لیکن ادھر بھی شنوائی نہ ہوئی۔

ادھر نادرا لاہور ریجن کے ریجنل ہیڈ آفس اور زونل دفاتر میں آن لائن کچہریاں تسلسل کے ساتھ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی نادرا کرنل (ر) سہیل محمود کی زیر نگرانی کل سے ای کچہریاں شروع کی جائیں گی۔

چیئرمین نادراعثمان یوسف مبین کی خصوصی ہدایات پر ای کچہریاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نادرا کے متعلقہ افسران کل صبح 11 تا دوپہر 1 بجے تک آن لائن موجود ہونگے۔ لاہورریجن میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ریجنل ہیڈآفس سمیت دیگر دفاتر میں ہر ماہ ای کچہریوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

لاہور ریجن کے زیراہتمام گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور قصورکے زونل دفاتر میں بھی ماہانہ ”ای کچہریوں“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ شکایت کنندگان اپنی شکایت کے حوالے سے متعلقہ دستاویزات کے ساتھ نادرا ہیلپ لائن پر کال کرسکیں گے۔