ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں سخت لاک ڈاؤن؟ عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

پنجاب میں سخت لاک ڈاؤن؟ عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) کورونا وائرس کا خوفناک حد تک پھیلاؤ، عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ڈبلیو ایچ او کا کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا، ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ کا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے نام مراسلہ، 2 ہفتے کے لیے سخت لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی۔

کورونا سے اموات اور نئے مریضوں میں تیزی سے اضافے پر عالمی ادارہ صحت نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا کی جانب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے نام مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ جس میں کورونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے وقت مطلوبہ شرائط کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے سمیت بچاؤ کے تمام اقدامات یقینی بنائے بغیر ہی لاک ڈاؤن کھولنے سے موجود صورتحال کا سامنا ہے اور کورونا پازیٹو مریضوں کی شرح 24 فیصد کی خوفناک حد تک پہنچ گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تشخیص اور علاج کی سہولتیں ناکافی ہیں۔ سیریس مریضوں کیلئے صرف 751 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جو بہت قلیل ہیں۔ مراسلے کے مطابق لاک ڈاؤن ختم ہونے سے یومیہ 4 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، جو خطرناک صورتحال ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی روک تھام کیلئے دو ہفتے کے لیے سخت لاک ڈاؤن، دو ہفتے کاروبار، نقل و حرکت کھولنے اور یومیہ تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولت کو 50 ہزار تک بڑھانے کی تجویز دی ہے۔

ادھر  کورونا وائرس نے پاکستان کے شہریوں کو آسان ہدف بنا لیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 107 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2171 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 107845 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پنجاب میں کورونا سے 773 اور سندھ میں 679 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 587 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 58، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔