( بسام سلطان ) لاہور میں کورونا وائرس خطرناک صورت اختیار کر گیا۔ بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاہور کے بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی، بیشتر ہسپتالوں کے ہائی ڈپنڈنسی یونٹ اور آئی سی یو مریضوں سے بھر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی۔ اعداد وشمار کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال اور پی کے ایل آئی کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ اور آئی سی یو مکمل بھر گئے ہیں۔ جناح ہسپتال کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں بھی کوئی بیڈ مزید کورونا کے مریض کے لیے خالی نہیں رہا۔
سروسز ہسپتال میں 86 فیصد مختص بستر بھر گئے۔ سر گنگا رام ہسپتال کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ کے 70 فیصد بستربھر چکے ہیں۔ لاہور جنرل ہسپتال کا آئی سی یو بھی بھر گیا ہے۔ لاہور جنرل ہسپتال میں کوئی وینٹی لیٹر خالی نہیں۔ پی کے ایل آئی کے آئی سی میں تشویشناک حالت کے مریضوں کیلئے بھی جگہ نہ بچی، سر گنگارام ہسپتال کا آئی سی 80 فیصد بھر چکا ہے۔
اسی طرح کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے آئی سی یو میں بھی کوئی بستر خالی نہیں۔ مجموعی طور پر لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس 53 فیصد بھر گئے ہیں۔ آئی سی یو میں کورونا کے مختص بیڈ 62 فیصد فل ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب 24 گھنٹے کے دوران مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1045 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہزار 206 اور 268 اموات ہوگئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے 1813 نئے کیسز کے بعد تعداد 38903 ہو گئی، صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے 32 مزید اموات سے کل تعداد 715 ہو چکی ہیں، ڈولفن سکواڈ سٹی ہیڈ کوارٹرز میں تعینات اے ایس آئی عبدالحمید بھی کورونا وائرس کے باعث شہید ہو گئے۔