جیل روڈ (زاہد،عابد چودھری، عرفان ملک، علی ساہی) لاہور میں کورونا بے قابو ہوگیا، 24 گھنٹے کے دوران مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1045 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہزار 206 اور 268 اموات ہوگئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے 1813 نئے کیسز کے بعد تعداد 38903 ہو گئی، صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے 32 مزید اموات سے کل تعداد 715 ہو چکی ہیں، ڈولفن سکواڈ سٹی ہیڈ کوارٹرز میں تعینات اے ایس آئی عبدالحمید بھی کورونا وائرس کے باعث شہید ہو گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز عبادت نثار کے مطابق شہید اے ایس آئی عبدالحمید ڈولفن سکواڈ سٹی ڈویژن میں ایم ٹی او تعینات تھے، کورونا کے باعث لاہور پولیس میں شہیدوں کی تعداد 7 ہوگئی، پولیس میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد137 تک پہنچ گئی ہے۔ شہید اے ایس آئی کی نماز جنازہ اور تدفین حکومتی ایس او پیز کے مطابق کی جائیگی۔
علاوہ ازیں دو روز قبل دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے سب انسپکٹر کی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، سب انسپکٹر دو روز قبل بیماری کی وجہ سے دم توڑ گئے تھے۔ عابد مختار کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ثابت ہوگیا کہ کہ وہ وائرس کے باعث شہید ہوئے۔سب انسپکٹر عابد مختار چوکی گلدشت ٹاؤن میں بطور انچارج تعینات تھے۔ شہید نے سوگواران میں بیوی اور تین بیٹے چھوڑے۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ تمام محکموں میں سب سے زیادہ لاہور پولیس متاثر ہو رہی ہے، لاہور پولیس میں کورونا سے متاثر اہلکاروں و افسران کی تعداد 137 ہے، کورونا کے باعث ہلاک ہونے والوں کو شہید کا درجہ دلوانے کے لیے آئی جی کو بھی مراسلہ لکھا گیا ہے۔
دریں اثناء شہر بھر کے 6 تھانوں کے ایس ایچ اوزمیں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، ایس ایچ او لاری اڈہ شیخ عدنان سلطان، ایس ایچ او غازی آباد اسد عباس، ایس ایچ او باغبانپورہ محمد رضا اور ایس ایچ او ڈیفنس بی محمد اسد بھی کورونا کی زد میں آ گئے، ایس ایچ او مناواں نیئر نثار اورایس ایچ او سرور روڈ شعیب خان بھی وائرس کانشانہ بن گئے ،تمام ایس ایچ اوز اپنے گھروں میں سیلف آئسولیشن میں چلے گئے، لاہور پولیس میں متاثر اہلکاروں و افسران کی تعداد 137 ہے۔
پولیس کے مطابق 91 اہلکاروں و افسروںنے ٹھیک ہو کر ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 10 ملازمین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
یو ایچ ایس کے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، مجموعی طور پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں کام کرنیوالے 10 ملازمین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، یو ایچ ایس ملازمین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد یونیورسٹی کے دیگر ملازمین بھی تشویش ہے، کیمپ جیل میں وارڈر کورونا وائرس مثبت آنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، ایک جیل وارڈر میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد 5 وارڈر کوایک وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا، کیونکہ متاثرہ وارڈر روزانہ ان کیساتھ ڈیوٹی کرتا تھا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ تمام وارڈرز کے احتیاطاً ٹیسٹ کروائیں جائیں گے تاکہ مہلک وائرس پر قابو پایا جاسکے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔