( سعید احمد ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نئی پیشن گوئی، کہتے ہیں شہباز شریف گرفتاری سے بچنے کیلئے بجٹ سیشن کا سہارا لیں گے، بجٹ کے بعد ملک سے بھاگ جائیں گے، وزیر ریلوے نے ساتھ ہی پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا کہتے ہیں کہ شوگر مافیا کی وجہ سے چینی کی قیمت ستر روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔
لاہور ریلوے سٹیشن پر ویٹنگ ہال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر ریلوے بولے اپوزیشن کے پاس مصالحہ پورا نہیں جس کی وجہ سے اپوزیشن کی احتجاجی دیگ کبھی نہیں پکے گی۔
انہوں نے کہا کہ سورج مغرب سے تو نکل سکتا ہے لیکن نواز شریف اور آصف زرداری کی اب دوبارہ حکومت نہیں آسکتی۔ شہباز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف گرفتاری سے بچنے کیلئے بجٹ کے پیچھے چھپنے کی ڈرامے بازی کریں گے۔
وزیر ریلوے نے پنجاب حکومت پر بھی تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ شوگر مافیا کو سبسڈی دی جس کے باعث چینی کی قیمت 70 روپے سے تجاوز کرگئی معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھاؤں گا۔