(سیرت نقوی) روزے داروں کی دعائیں رنگ لے آئیں۔ باغوں کے شہر لاہور میں بارش کیساتھ ژالہ باری سے گرمی چھومنتر ہوگئی، بدلتے موسم کی انگڑائی نے ایک بار پھر گرمی کو مات دے دی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ درجہ حرارت کم ہونے پر روزہ داروں کی جان میں جان آگئی۔
شہر لاہور پر قدرت مہربان ہوگئی اور بادلوں نے سورج کو چھپا لیا، صبح ہوتے ہی کالی گھنگھور گھٹاؤں نے فضا میں بسیرا کرلیا، بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ہو، گرمی و حبس کا خاتمہ ہوگیا، گرمی سے مرجھائے روزے داروں کے چہرے پر بہار آگئی ہے، گل وگلزار پربھی شادابی چھاگئی۔ شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے تفریح گاہوں کا رُخ کرلیا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے امکانات ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے جبکہ ہوائیں 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سارا دن موسم ٹھنڈا اور مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ آئندہ دو روز تک بادل برسیں گے ، جس سے گرمی کا پارہ مزید گر جائے گا۔