(ویب ڈیسک)این سی او سی نے18 سال سے زائد عمر افراد کو 31 جولائی تک ویکسی نیشن کی ہدایت کی ہے،این سی او سی نے کہا ہے کہ بڑھتی وبا کے پیش نظر سیر و سیاحت پر پابندی کا امکان ہے جبکہ پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں، جو کورونا وائرس کی چوتھی لہر بھی ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، پاکستانی عوام کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے این سی او سی نے خصوصی اقدامات کئے ہیں، ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس ہے، انتہائی خطرناک ہے، پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں، جو کورونا وائرس کی چوتھی لہر بھی ہوسکتی ہے۔
این سی او سی نے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا ہے، موجودہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 19 جولائی تک یقینی بنایا جائے گا ،عید الالضحی پر غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیے لئےمختلف تجاویز زیر غور ہیں، یکم اگست سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی، سیاحتی مقامات کا سفر اور ہوٹل بکنگ بھی نہیں ہو گی، یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہو گا۔
علاوہ ازیں این سی اوسی نے خبردار کیا کہ ڈیلٹا وائرس پر قابو پانے کے لئےاحتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ایس اوپیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق 9 سے 19 جولائی تک عیدالاضحیٰ سے پہلے ایس او پیز کا شدت سے نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔