ویب ڈیسک: مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 54 ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے۔
فاطمہ جناح بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سب سے چھوٹی بہن 31جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم ممبئی سے حاصل کی۔1919 میں یونیورسٹی آف کلکتہ سے ڈینٹل سرجن کی ڈگری حاصل کی۔ 1922 میں ڈینٹسٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بمبئی میں ڈینٹل کلینک کھول کر پریکٹس شروع کردی۔ 1929 میں بھائی محمد علی جناح کے گھر منتقل ہو گئیں۔
فاطمہ جناح نے بھائی کے شانہ بشانہ تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا، بانئی پاکستان نے ان کی خدمات کا اعتراف ان الفاظ میں کیا "فاطمہ میرے لئے روشنی اور امید کی کرن کی طرح ہے۔قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح نے مہاجرین کی آبادکاری کا مشن سنبھالا اور ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی ،خواتین کو متحرک کرنے کیلئے پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی جس نے بعد میں آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی شکل اختیار کی۔
1965 میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے فاطمہ جناح کو جنرل ایوب خان کے مقابلے میں صدارتی امیدوار نامزد کیا، ڈھاکہ میں ان کے انتخابی جلسے میں ڈھائی لاکھ افراد شریک ہوئے۔فاطمہ جناح نے ایوب خان کو ڈکٹیٹر قرار دیا ، بالواسطہ صدارتی انتخاب کے متنازعہ نتائج میں انہیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی فاطمہ جناح 9جولائی 1967 کو ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگئیں۔ ،پاکستان کے عوام انہیں کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے قیام پاکستان کے لیے انتھک کوششوں پر قوم نے انھیں مادر ملت کا خطاب دیا۔