اسلام آباد (24 نیوز) موذی وبا کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید 25 افراد جاں بحق ہو گئے، کورونا مریضوں کے 1737نئے کیسز سامنے آگئے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 3.65 فیصد رہی، 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 50 ہزار 531 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے1737 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22518 ہو گئی اور مجموعی کیسز 9 لاکھ 69 ہزار 370 تک جاپہنچے ہیں جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1084 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 11 ہزار 383 ہو گئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 35573 ہے۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح سب سے زیادہ پنجاب میں 48 فیصد، سندھ میں 24.68 فیصد ،خیبر پختونخوا میں 19.32 اور بلوچستان میں 1.4 رہی۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے کیسز دوبارہ اوپر جانا شروع ہوگئے ہیں، کورونا کی بھارتی قسم کی وجہ سے صورت حال خراب ہو رہی ہے، یہ ویریئنٹ مسئلہ بن گیا ہے جس کے باعث کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ کورونا ایس او پیز پر عمل کر کر کے تھک گئے ہیں لیکن پھر بھی عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، ایسا نہ ہوا تو دوبارہ لاک ڈاؤن لگانا پڑ سکتا ہے۔