( سعدیہ خان ) چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق نے کویڈ 19 سے متاثرہ افراد کے لئے مالی ریلیف پیکچ کا اعلان کردیا، صحافیوں، پیرامیڈیکس اور دیہاڑی دار افراد کو راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
فلیٹز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرارالحق نے کہا کہ طبّی عملہ کی طرح صحافیوں نے بھی فرنٹ لائن پر اپنے فرائض بہادری سے سرانجام دیے ہیں۔ بے روزگار ہونے والے صحافیوں، دیہاڑی دار مزدوروں اور پیرامیڈیکس کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ امدادی پیکیج کے تحت پیرا میڈیکس، دیہاڑی دار افراد اور متاثرہ صحافیوں کو نقد امداد اور فوڈ پیکیج دیا جائے گا۔
چیئرمین ہلال احمر کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور طبّی عملہ میں مزید ایک لاکھ پروٹیکشن کٹس کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں کمی آگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 21 ہزار 951 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 67 ہزار 104 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 تک جا پہنچی ہے۔
سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض ہیں جن کی مجموعی تعداد 96 ہزار 626 ہے، پنجاب 83 ہزار 599، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 681، بلوچستان میں 10 ہزار 919، اسلام آباد میں 13 ہزار 650، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 595 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 419 افراد متاثر ہیں۔
کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 965 ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 91 ہزار 602 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 83 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اس وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 4922 ہوگئی ہے، سندھ میں ایک ہزار 637، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 54 ، اسلام آباد میں 142 ، بلوچستان میں 124 ، گلگت بلتستان میں 31 جبکہ آزاد کشمیر میں 40 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں, پنجاب میں ایک ہزار 955 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔