(سٹی 42) محکمہ خزانہ پنجاب نے سرکاری ملازمین کو عیدالاضحیٰ کے پیش نظر 27 جولائی کو تنخواہ اور پنشن ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
عیدالاضحیٰ سے قبل تنخواہوں اورپنشن کی ادائیگی کے حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب نے اے جی آفس کو حکم دیا ہے کہ پنجاب حکومت کے تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنشن 27 جولائی تک ادا کر دی جائے، سرکاری ملازمین نے حکومت کے قبل از وقت تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کے فیصلے کو سراہا ہے۔
دوسری جانب سوشل سکیورٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کے 22 ارب کے فنڈ پر سیکرٹری پیسی پنشنرز فنڈ ٹرسٹ کی اسامی کا معمہ حل کر دیا گیا،ڈیفنس روڈ پر پنشن فنڈز ٹرسٹ کے سرکاری دفتر کی تعمیر کی منظوری جبکہ سوشل سکیورٹی کے تمام پنشنرز کو فوری طور پر پنشن سمارٹ کارڈ کے اجراء کا حکم جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی پی ایف ٹی میں ڈائریکٹ بھرتی پر پابندی عائد کرتے تمام اسامیوں کیلئے اخبار اشتہار لازمی قرار دیا گیا، پنشن فنڈ میں بہتر منافع کیلئے بنک آف پنجاب کے علاوہ مختلف مالیاتی اداروں میں سرمایہ کاری پر غور شروع کردیا گیا ہے
یاد رہے کہ عید الاضحیٰ ہر سال قمری مہینہ ذوالحج کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے، عید کی نماز کے بعد صاحب حیثیت مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےاللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس سال عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ کو ہو گی۔
واضح رہے کہ 15 جون کو پنجاب حکومت نے مالی سال 2020-21 کے لیے 22 کھرب 40 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس کی شرح میں کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھی وفاق کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔