’’عوام سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت چار ماہ سے پہلے بھی جاسکتی ہے‘‘

’’عوام سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت چار ماہ سے پہلے بھی جاسکتی ہے‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعدیہ خان ) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ زرداری صاحب نے جو بیرونی دوروں کیے اس سے ملک مستحکم ہوا ہے، آج تمام صنعتیں ہڑتال کررہی ہیں جب لوگ ہڑتال کریں گے تو پچپن سو ارب ٹیکس ہدف کیسے حاصل ہوگا، عدلیہ پر لگنے والے داغ وہ خود ہی دھوئیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اگرعوام سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت چار ماہ سے پہلے بھی جاسکتی ہے، آج لوگ خود مظاہرے کررہے ہیں، سلیکٹڈ چیئرمین ایف بی آر کہتا ہے کہ چینی کے علاوہ ٹیکس نہیں لگائے گئے اگر ٹیکس نہیں لگائے تو لوگ ہڑتالیں کیوں کررہے ہیں۔

قمر زمان کا کہنا تھا کہ جسٹس منیر سے لے کر اب تک عدلیہ کے کردار پر کئی سوالات ہیں۔ عدلیہ کے دامن پر جتنے داغ ہیں ان کو عدلیہ نے خود ہی دھونا ہے، مریم کہتی ہیں ان کے پاس اور بھی ثبوت ہیں حکومت کو اس ویڈیو کا فرانزک کرا کر معاملے کو حل کرنا چاہیے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ 25 جولائی کو اے پی سی کے پلیٹ فارم پر فیصلہ ہوگا کہ تمام جماعتیں عوامی رابطہ مہم تیز کریں گی۔ وزیراعظم عمران تو پارلیمنٹ کی توہین کرتا ہی ہے لیکن سپیکر قومی اسمبلی نے بھی پارلیمنٹ کو بے توقیر کردیا ہے۔