سانحہ مچھ، مذاکرات کامیاب، دھرنے ختم

سانحہ مچھ، مذاکرات کامیاب، دھرنے ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور دھرنے کے شرکاء میں مذاکرات کامیاب ہوگئے,شہداء کے لواحقین نے تدفین کی اجازت دے دی، جس کے بعد سانحہ مچھ کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں  دیئے جانیوالے تمام دھرنے ختم کردیئے گئے۔

تمام مطالبات کی منظوری کے بعد مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ مچھ کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لاہور کے مختلف مقامات پر دیئے جانیوالے دھرنے بھی ختم کردیئے گئے ،مال روڈ گورنر ہاؤس کے باہر تین دن دھرنا جاری رہا، جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، امامیہ کالونی پھاٹک، چونگی امرسدھو، فیروز پور روڈ پر ایک دن احتجاجی دھرنا دیا گیا، مظاہرین کی روانگی کے بعد تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی گئیں،مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو پہلے ہی تمام مطالبات تسلیم کرلینے چاہیئں تھے۔

گزشتہ رات کو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر علی زیدی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے دھرنے کے شرکاء سے مذاکرات کیے، حکومت نے ہزارہ برادری کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، جس کے بعد لواحقین نے 6 روز کے دھرنے کے بعد میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی، شہداء کی آج تدفین ہوگی، حکومت کا شہداء کمیٹی سے تحریری معاہدہ ہوگیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ جو مطالبات ہمارے سامنے رکھے گئے وہ مشکل تھے، جن افسران کو ہٹانا تھا فیصلہ ہوچکا، شہداء  ایکشن کمیٹی سے ہمارا تحریری معاہدہ ہوچکا، کبھی کسی حکومت نے ماضی میں تحریری معاہدہ نہیں کیا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے شہداء کے لواحقین میں سے طالب علموں کے لیے اپنی وزارت کی جانب سے سکالر شپ دینے کا اعلان کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے تدفین پر رضا مندی ظاہر کرنے پر شہداء کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ لواحقین نے انصاف کے لیے احتجاج کیا، آپ نے ہماری بات مان کر ہمیں اور بلوچستان کو عزت دی جس پر سب کا مشکور ہوں۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ نہیں کہہ سکتا بلوچستان کے سارے مسائل حل کردیئے اور سب ٹھیک ہے لیکن جن چیزوں پر آگے بڑھے وہاں چیزیں بہتر ہوئی ہیں، ہم چیزوں کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

علاوہ ازیں شہداء ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا نے کہا کہ ہم نے شہدا کے لواحقین کے لیے دھرنا دیا اور ان کے مطمئن ہونے پر ہی دھرنا ختم کررہے ہیں، اپنے شہداء کی تدفین پورے تقدس کے ساتھ کریں گے ۔آغا رضا نے ملک بھر میں دھرنا دینے والوں سے اپیل کی کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جس کے بعد تمام دھرنے پر امن طور پر ختم کردیئے جائیں۔

شہداء ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج ہفتے کے روز عزت کے ساتھ اپنے شہداء کی تدفین کریں گے، شہدا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا تھا کہ جیسے ہی شہداء کی تدفین ہوتی ہے، وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آ ئیں گے اور ان کے ہمراہ آرمی چیف بھی کوئٹہ آئیں گے اور لواحقین سے تعزیت کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 3 جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے 11 کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا،تاہم اس افسوسناک واقعہ کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر احتجاج شروع کردیا تھا ۔

Sughra Afzal

Content Writer