(عمر اسلم) بالآخر پنجاب حکومت کسی نتیجے پر پہنچ گئی، اورنج لائن ٹرین منصوبہ جون جولائی تک مکمل کرنے اور کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہوریوں کو کوڑے سے بجلی پیدا کرنے اور اورنج ٹرین جون یا جولائی تک مکمل کرنے کی نوید سنا دی، کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے دعوے تو ماضی میں بھی کیے جاتے رہے ہیں اب عبدالعلیم خان نے لاہور سمیت چھ شہروں میں کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پر غریب عوام کا 300 ارب لگ چکا ہے، خسارے کو کم کرنے کے لیے منصوبے کا کچھ حصہ کمرشلائز کیا جائے گا، اورنج لائن سفید ہاتھی ہے۔کوڑا کرکٹ سے بجلی بنانے کا منصوبہ لاہورسمیت چھ شہروں میں لگایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے مسودہ اس سیشن میں نہیں دے رہے۔
پوری دنیا میں کوڑے کو استعمال میں لا کر بجلی بنانے کا کام بہت برسوں پہلے شروع ہوا سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کئی بار کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے دعوے کئے لیکن یہ دعوے محض دعوے ہی رہے کئی غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم یہ بیل منڈھیر نہ چڑھ سکی۔
اب عبدالعلیم خان بھی سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چلتے دکھائی دیتے ہیں عبدالعلیم خان نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ لاہور سمیت چھ شہروں میں کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے لیکن تاحال کوئی حکمت عملی واضح نہ کر سکے۔