ویب ڈیسک : مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے 53 ویں بین الاقوامی کتاب میلے میں جامعہ الازہر کی جانب سے نابینا افراد کے لیے بریل سسٹم کے تحت تیار کیا گیا قرآن کریم کا نسخہ نمائش کیلئے پیش کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جامعہ الازہر الشریف کے اعلی امام شیخ ڈاکٹر احمد الطیب کی سرپرستی میں الازہر پریس نے جدید ترین پرنٹنگ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے بریل میں قرآن کی طباعت کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔الازہر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ قرآن کے اس آزمائشی نسخے میں نمایاں بریل حروف کے ساتھ قرآن کے تحریری الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ بینا اور نابینا افراد کے درمیان قرآن حفظ کرنے اور پڑھنے میں ایک دوسرے کا تعاون حاصل ہو۔
قرآن پاک اور اس کے علوم کو پھیلانے کےمشن کی توسیع کے طور پر الازہر کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کا مقصد نابینا افراد سمیت معذور افراد کو خصوصی سہولت فراہم کرنا ہے۔
الازہر نے کتاب میلے میں جو قرآن کریم کا جو تجرباتی نسخہ دکھایا ہے اس کی خصوصیت میں بڑا حجم اور خاص قسم کے موٹے گتے کا استعمال ہے جس پر نقطے انتہائی واضح اور نمایاں ہیں تا کہ ان نقطوں پرانگلی رکھنے سے آسانی سے پڑھا جا سکے۔
بصارت سے محروم افراد کے پڑھنے میں پیش آنے والی دقت کو ختم کرنے کے لیے خصوصی طور پر بریل کے طریقہ کار کا استعمال کیا جاتا ہے۔