(قیصرکھوکھر)محکمہ داخلہ پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی مزید دو عدالتوں کو ختم کر دیا۔ایک عدالت سرگودھا اور دوسری راولپنڈی میں قائم کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی دو عدالتوں کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ختم ہونیوالی عدالتوں میں انسداد دہشت گردی کورٹ راولپنڈی اور انسداد دہشت گردی کورٹ سرگودھا شامل ہیں۔ دونوں عدالتوں کے ججز اور عملہ بھی فارغ ہو گئے ہیں جنہیں اب دوسری عدالتوں میں تعینات کیا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا کو غیر فعال ہونے پر ختم کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی میں کیسز کی تعداد انتہائی کم ہونے پر عدالت کو ختم کیاگیاہے۔
دوسری جانب سٹاف نرس کو محکمانہ ترقی نہ دینے کا معاملہ پرلاہور ہائیکورٹ میں سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ بیرسٹر نیبل احمد اعوان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔جسٹس شاہد وحید نے چارج نرس ریٹا جون کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس سے جونیئر صداقت پروین کو ترقی دے کر ہیڈ نرس بنا دیا گیا، اس کو سینئر ترین ہونے کے باوجود ٹائم سکیل پروموشن نہ دی گئی، اس نے محکمانہ ترقی کے لئے سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کو درخواست دی شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا،، عدالت نے اس کی درخواست دادرسی کے لیے سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ پنجاب کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کے 14 دسمبر 2020 کے حکم کی پاسداری نہیں کی جا رہی،، درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر سیکرٹری سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔۔۔