ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کبڈی ورلڈ کپ، ابتدائی میچ میں پاکستان کی شاندار فتح

کبڈی ورلڈ کپ، ابتدائی میچ میں پاکستان کی شاندار فتح
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہباز علی ) اتتظار کی گھڑیاں ختم، کبڈی ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور کبڈی کبڈی کی صدائیں قریب آگئیں۔

پنجاب سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب میں چھٹے کبڈی ورلڈ کپ کا افتتاح ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور صدر کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین سمیت شائقین کبڈی نے بڑی تعداد میں افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں مارچ پاسٹ کیا۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اپنے اپنے ممالک کے جھنڈے تھام کر مارچ پاسٹ کیا۔ شائقین کبڈی نے خوب داد دے کر ٹیموں کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کبڈی ورلڈکپ کے افتتاح کا اعلان کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگ چوہدری ظہور الہیٰ نے کبڈی فیڈریشن کی بنیاد رکھی ان کا خواب تھا کہ ورلڈ کپ پاکستان میں ہو۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ کبڈی کا ورلڈ کپ پاکستان میں ہورہا ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان عرفان مانا نے تمام ٹیموں کی طرف سے قواعد وضوابط کی پابندی کا حلف اٹھایا۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ دس بین الاقوامی ٹیموں کا پنجاب سٹیڈیم میں کھڑے ہونا اس بات کا عکاس ہے پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔

پاکستانی شیر جوان کا کبڈی ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز کیا، افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینڈا کو 40 پوائنٹس کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 24 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دی۔

پاکستانی رائیڈرز اور سٹاپرز کے شاندار کھیل کے سامنے کینیڈا کے کھلاڑی کھیل کو دونوں شعبوں میں حسرت کی تصویر بنے رہے۔ پاکستان کے لالہ عبید اللہ کمبوہ، عرفان مانا، بلال جاوید، خالد بھٹی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلوائی۔

دوسرے میچ میں سیرا لیون کی ٹیم ایرانی ٹیم پر کوئی تاثر نہ چھوڑ سکی اور ایران نے سیرا لیون کو 19 کے مقابکے میں 60 پوائنٹس سے شکست دے کر پہلی کامیابی اپنے نام کرلی۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے روز پہلے میچ میں دفاعی چیمپئین بھارت کا مقابلہ جرمنی سے دوسرے میچ میں ایران اور انگلینڈ جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا اور کینڈا آمنے سامنے ہوں گی۔

میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور تمام کی تمام ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں۔ لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گجرات میں بھی ٹورنامنٹ کے میچز شیڈول ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور پوزیشن میچز 15 فروری جبکہ فائنل 16 فروری کو لاہور میں ہوگا۔