آصف جعفری: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عامرشفیق کی زیر صدارت ویجیلینس کمیٹی کا اجلاس، بچوں سے کام کرانے والے بھٹہ مالکان، منشی اور بچوں کے والدین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عامر شفیق کی زیر صدارت ویجیلینس کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ لیبر، ایجوکیشن اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثقلین عباس نے خدمت کارڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور کو خدمت کارڈ کے حوالے سے نارتھ اور ساؤتھ میں تقسیم کیا گیا ہے۔
نارتھ میں 102 میں سے 94 خدمت کارڈ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ ساؤتھ کے 1373 میں سے 1061 خدمت کارڈ کا اجراء کر دیا گیا۔ 111 افراد کا ڈیٹا درست ہونے اور 4 افراد کے آئی ڈی کارڈ کے اجرا پر خدمت کارڈ جاری کردیئے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ 11 بھٹہ خشت بند ہوگئے ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹر عامر شفیق کا کہنا تھا کہ خدمت کارڈ کا اجرا کرنے کا مقصد بھٹہ مزدروں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، اس کارڈ کے ذریعہ ان بچوں کے خاندان کو ماہانہ پیسے ملا کریں گے۔