ڈرائیونگ لائسنس کی درخواست کا ٹوکن ہو گا تو تین روز تک چالان نہیں ہو گا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ جس شہری کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے ٹوکن ہوگا اس کا چالان اگلے تین دن تک  نہیں ہو گا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے یہ اعلان ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے شہریوں کے بہت زیادہ رش کے باعث لائسنس بننے کے عمل میں تاخیر کی شکایات کا خود مشاہدہ کرنے کے بعد جمعہ کی شب جاری کیا۔ 

 وزیر اعلیٰ نے جمعہ کی شب لبرٹی میں خدمت مرکز میں اچانک دورہ کیا تو وہاں شہریوں کا ہجوم تھا اور ڈرائیونگ لائسنس کی درخواستوں کی پروسیسنگ نہایت سست رفتار سے ہو رہی تھی۔ محسن نقوی نے خود اپنے فون سے اس صورتحال کی ویڈیو  کلپس بنائیں اور  یہ ویڈیو  کلپس لائسنس بنانے والے کمپیوٹر سسٹم کی سست روی پر پی آئی ٹی بی کے حکام کو ثبوت کے طور پربھیجیں۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز پر جمع شہریوں سے ان کی شکایات سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان شکایات کے جلد از جلد ازالہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر  وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ جن شہریوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے درخواست دینے کا ٹوکن موجود ہو گا ان کا تین روز تک سڑک پر چالان نہیں کیا جائے گا۔  بہت سے شہریوں نے انہین شکایت کی تھی کہ دن بھر انتظار کرنے کے بعد بھی لائسنس بنوانے کے لئے باری نہیں آ رہی اور سڑک پر پولیس چالان کر دیتی ہے۔