ویب ڈیسک: نو منتخب ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے عہدہ سنبھالتے ہی کے ایم سی کی پارکنگ فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمان کی صدارت مختلف محکموں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا تھا کے ایم سی آج سے پارکنگ و صول نہیں کرے گی، پارکنگ اسٹاف کو ہٹایا جائے اور آکشن ہونے تک شہریوں کے لیے پارکنگ مفت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا چڑیا گھر، سفاری پارک اور دیگر پارکوں میں ٹھیکے کے ایم سی کے ملازمین چلارہےہیں، آج سے کے ایم سی ملازمین کے تمام ٹھیکے بند کر دیے جائیں، کے ایم سی افسران اور عملہ پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ نہیں چلائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایک ہفتے میں کے ایم سی کی دکانوں کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں 28 بڑی سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹ پر پودے لگائے جائیں، تمام پیڈسڑین برج فوری درست کیے جائیں اور کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو کے محکمے اپنے ٹارگٹ ہر صورت میں پورا کریں، لینڈ ڈپارٹمنٹ جائیدادوں اور مکانات کا ریکارڈ کمپیوٹرایزڈ کرے۔