ویب ڈیسک:رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے ق لیگ کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے ساتھ رہنا ہے تو پنجاب اسمبلی توڑنی پڑے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ق لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ہے تو پنجاب اسمبلی توڑنی پڑے گی، ق لیگ کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ تحریک انصاف اسمبلی تحلیل کرنا چاہتی ہے۔ ق لیگ نے دیکھنا ہے الیکشن میں پی ٹی آئی کے اتحاد کے ساتھ جانا ہے یا اتحاد کے بغیر۔
انہوں نے کہا وفاقی حکومت نہ مانی تو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کرا دیں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومتوں کے ساتھ عام انتخابات میں گئے تو پی ڈی ایم کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔
دوسری جانب رہنما ق لیگ چودھری مونس الہیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں، وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں۔ ہر موقع پر عمران خان کا ساتھ دیں گے۔ اپوزیشن عمران خان کو دیکھ کر کانپ رہی ہے۔
وفاقی حکومت خوفزدہ ہے کہ عمران خان اب کیا کرنے والے ہیں، ن لیگ کا پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔ مونس الہیٰ کی،، سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل اور عامرکیانی سے ملاقات ہوئی۔