(عابد چوہدری): کاہنہ کے علاقے میں سیاست دان بننے کے شوقین شہری کا انکوکھا کارنامہ، اہل علاقہ کو متاثر کرنے کے لیے بیگانی شادی میں ہوائی فائرنگ کرتا رہا۔ سٹی فورٹی ٹو نے فائرنگ کی ویڈیو چلائی تو پولیس نے سیاست کے بخار میں مبتلا شہری کو حوالات کی سیر کرادی۔
مستقبل میں سیاستدان بننے کا شوق رکھنے والا ملک فاروق ہر وقت سوٹڈ بوٹڈ رہتا ہے تاکہ اپنے علاقے میں کوئی خوشی و غمی کی تقریب اسکے بغیر نہ ہوجائے۔ پراپرٹی ڈیلر فاروق کے پاس ممنوعہ بور کا اسلحہ وافر مقدار میں موجود ہے۔ اسے جہاں خبر ملتی ہے کہ کسی تقریب میں کوئی سیاسی شخصیت پہنچ رہی ہے، اپنے پنٹر لے کرپہنچ جاتا ہے اور اپنے انداز میں انٹری مارتا ہے۔
تین دسمبرکو ہونے والی شادی میں کی گئی فائرنگ کی فوٹیج سٹی فورٹی ٹو پر نشر ہوئی تو کاہنہ پولیس چند ہی گھنٹوں میں سیاست کے بخار میں مبتلا خود ساختہ رکن قومی اسمبلی کو طبیعت صاف کرنے کے لیے حوالات لےآئی۔
پولیس نے فاروق ملک کے خلاف ممنوعہ بور کا اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور یوں ملک فاروق کا سیاسی سفر شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔