(قذافی بٹ): عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپوزیشن کے سیاسی اور انتخابی اتحاد کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون پر انسانی نکتہ نظر سے اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔
تحریک انصاف کے پانچ رکنی وفد نے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ماڈل ٹاون میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے یقین دہانی کروا دی ہے کہ وہ عوامی تحریک کے ساتھ ہیں، انصاف کے حصول کے لئے آئین قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جو قدم بھی اٹھانا پڑا اٹھائیں گے، سیاسی ایجنڈا زیرغور نہیں ہے، فی الحال کوئی انتخابی الائنس نہیں بنایا جارہا ہے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ رپورٹ نے واضح طور پر سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمے داروں کا تعین کردیا ہےاسکے بعد شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کا عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ پاناما کی طرز پر تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی جائے عوامی تحریک جو بھی لائحہ عمل مرتب کرے گی اسکا ساتھ دیں گے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ نجفی رپورٹ کے ذریعے پنجاب کے حکمران بے نقاب ہوگئے ہیں۔ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ تک جدوجہد کریں گے۔
عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے رہنماوں کی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ احتجاج کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔