(بسام سلطان): سروسز ہسپتال سے نومولود بچی اغوا، نوسربازخاتون چیک اپ کے بہانے بچی کو لے کر رفو چکر ہو گئی، داروغہ والا کے رہائشی حسن ندیم کی بیٹی کی بازیابی کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال میں صبح دس بجے پیدا ہونے والی نومولود بچی کو نوسر باز خاتون لے کر فرار ہو گئی۔ سٹی 42 نے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی, فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہےکہ ایک برقعہ پہنے ہوئے خاتون بچی کو اُٹھا کر لے جارہی ہے۔
اغوا ہونے والی بچی کے والد نے بتایا کہ انتظامیہ کو سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی ہے مگر کوئی کارر وائی نہیں ہوئی۔ اغوا ہونے والی نومولود بچی کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے جیل روڈ کو بلاک کر دیا۔
اس موقع پر ایس ایچ او حسین نے کہا کہ پولیس پوری کوشش کر رہی ہے جلد ہی بچی کا پتہ لگ جائے گا۔ لواحقین نے کہا کہ ڈاکٹر کا روپ دھارے اغوا کار خاتون نے سروسز ہسپتال کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔