تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 41 افراد ہلاک

 تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 41 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: اطالوی جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب ایک کشتی ڈوبنے سے 41 تارکین وطن ہلاک ہوگئے ہیں۔

 عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی میں تین بچوں سمیت 45 افراد سوار تھے، کشتی میں ڈوبنےسے بچ جانے والے چار افراد نے امدادی ٹیم کو بتایا کہ وہ ایک کشتی پر سوار تھے جو تیونس کے شہر سفیکس سے روانہ ہوئی تھی اور اٹلی جاتے ہوئے ڈوب گئی۔

 ان کا کہنا تھا کہ کشتی گزشتہ ہفتے جمعرات کو سفیکس سے نکلی تھی لیکن ایک بڑی لہر کی زد میں آنے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں ڈوب گئی، 15 افراد نے لائف واسکٹ پہن رکھی تھی۔

 انھوں نے مزید کہا کہ انھیں ایک مال بردار جہاز نے بچایا اور پھر انھیں اطالوی کوسٹ گارڈ کے جہاز میں منتقل کردیا گیا۔ بچ جانے والے چارافراد کوبدھ کے روز لیمپیڈوسا پہنچا دیا گیا۔

 اطالوی کوسٹ گارڈ نے اتوار کو اس علاقے میں دو بحری جہازوں کے تباہ ہونے کی اطلاع دی تھی لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ جہاز ان میں سے ایک ہے یا نہیں۔

 دوسری جانب تیونس کے حکام کا کہنا ہے کہ لامپیڈوسا سے تقریباً 80 میل (130 کلومیٹر) دور ایک بندرگاہی شہر سفیکس یورپ میں حفاظت اور بہتر زندگی کے خواہاں تارکین وطن کیلئے ایک مقبول مقام ہے۔

 خیال رہے کہ شمالی افریقہ سے یورپ جانے والے راستے میں اس سال اب تک 1800سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔