علی ساحی : پی ٹی آئی چیئرمین کو میسر سہولیات کے حوالے سے محکمہ جیل پنجاب نے بیان جاری کر دیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے الیکٹرانک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حقائق کے برعکس اور بے بنیاد خبروں پر محکمہ جیل پنجاب کے ترجمان نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت سے سزایافتہ ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اپنے ایام اسیری بسر کر رہے ہیں۔عمران خان کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر جیل میں علیحدہ پورشن میں رکھا گیا ہے ، جہاں انھیں قانون کے مطابق ائیر کولر ، چارپائی چھت والا پنکھا اور بیڈ میٹرس ، تکیہ ، ٹیبل اور دو کُرسیاں مہیا کی گئی ہیں اور بارک کی صفائی ستھرائی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ جیل پنجاب کا کہنا ہےکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تمام ضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جیل مینوئل کے مطابق ڈاکٹرز کی نگرانی میں خوراک بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ الیکٹرانک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ بغیر تصدیق کے کوئی بھی خبر چلانے سے گریز کریں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو جیل مینوئل اور قانون کے مطابق تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔وکیل اور فیملی کو جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کی سہولت بھی حاصل ہے۔