سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس مین پاکستان کے اقتصادی بحران اور دیگر حکومتی امور کے متعلق کئی اہم انکشافات کئے ہیں۔ انہوں نے بحران کے دوران عوامی جمہوریہ چین کی مدد کے متعلق ایسی باتیں بھی بتائین جو پہلے عوام کو معلوم نہیں تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ سے خطاب کے دوران کہا کہ اگر چین پچھلے چار مہینوں میں ہمارا ساتھ نہ دیتا اور پانچ ارب ڈالر کے قرضے جن میں اسٹیٹ ٹو اسٹیٹ اور کمرشل قرضے دونوں شامل تھے وہ رول اوور کر دیئے، یہ آسان کام نہیں ہے۔، چین کو پوری کہانی سمجھ آ گئی تھی، چین کے وزیراعظم لی نے جو اب ریٹائر ہو گئے ہیں مجھے بتایا کہ ان سے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر ملاقات کے لئے آئیں تو انہوں نے واضح الفاظ میں انہیں بتا دیا تھا کہ ہم پاکستان کا اس صورتحال میں ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے اس بات کی باقاعدہ تائید کی۔ ہم پوری طرح پاکستان کے ساتھ ہیں۔ اس کے بعد پانچ ارب ڈالر ان کا آیا، اب چند ہفتے پہلے انہوں نے اسٹیٹ قرضے رول اوور کر دیئے۔ یہ ٹوٹل پانچ ارب ڈالر بنتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابھی چند ہفتے پہلے ان کا ہائی لیول ڈیلیگیشن یہاں آیا اور انہوں نے چند ہفتوں کی مہمان حکومت کی مدد کے لئے آ کر دنیا کو بتایا کہ پاکستان ہمرا ایک بہترین دوست ہے اورر ہم اس کے لئے ہر چیز کر گزرنے کے لئے تیار ہیں۔ نائب وزیراعظم نے شی جن پنگ کا خط انہوں نے یہاں پڑھا جس میں پریذیڈنٹ شی جن پنگ کے پاکستان اورر پاکستانی عوام کے بارے میں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے بارے میں انتہائی شاندار الفاظ لکھے تھے۔ انہوں نے اپنا سی پیک کا آئندہ پروگرام دیا،سی پیک کا ایک مرحلہ مکمل ہوا، 25 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ انہوں نے دوسری فیز شروع کرنے کا اعلان کیا، سیکنڈ فیز مین گرین کوریڈور ہے، اس میں آئی ٹی کوریڈور ہے، ایگریکلچر کوریڈور ہے، ایکسپورٹس کو بڑھانے کی بات ہے، سپیشل اکنامک زونز، جی ٹو جی سے ہٹ کے بی ٹو بی کا کوریڈور ہے، انوویشن، ٹیکنالوجی، یہ تمام چیزیں انہوں نے یہاں اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ساتھ کام کرنے والے وزرا کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور ان کی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے خدمات کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے آخری اجلاس سے خطاب میں مسلح افاج کی پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لئے بے پناہ کوششوں اور قربانیوں کا بھی تفصیل سے ذکر کیا اور مسلح افواج کی پاکستان کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں 9 مئی کے خطرناک بحران کاچند گھنٹوں میں مقابلہ کر کے صورتحال پر قابو پالینے پر آرمی کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی تعریف کی۔