(سعید احمد سعید)دبئی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر،، سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی، سیالکوٹ ائیرپورٹ ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت والا پہلا پاکستانی ائیرپورٹ بن گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق سٹی لیب کی جانب سے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ریپیڈ پی سی آر کاونٹر بنا دیا گیا ہے،رہائشی ویزہ ، کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور کیو آر کوڈ کے حامل پاکستانی سیالکوٹ سے دبئی کا سفر کرسکیں گے،ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے بعد فلائی دبئی اور ایمریٹس کی دبئی کے لئے مسافروں کی بکنگ شروع کردی گئی ہے، 10اگست کو فلائی دبئی اور 11 اگست کو ایمریٹس سیالکوٹ سے مسافروں کو دبئی لے کر جائے گا،دبئی کے لئے لازمی ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت 6ہزار پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مکمل کورونا ویکسین کروانے والے پاکستانیوں کو 5 اگست سے متحدہ عرب امارات جانے کی اجازت مل چکی ہے، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستانی شہریوں کے پاس قابل استعمال ویزا ہو اور انہیں منظور شدہ کورونا ویکسین لگی ہوئی ہو، اور دوسری ڈوز کے بعد بھی انہیں 14 دن کا وقفہ گذر چکا ہو ۔
اس حوالے سے ان کے پاس نادرا کا جاری کردہ سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے جبکہ روانگی سے کم از کم 48 گھنٹے پہلے ان کے پاس کورونا وائرس کےمنفی پی سی آر کی ٹیسٹ رپورٹ ہونا بھی ضروری ہے اس ٹیسٹ رپورٹ کے کیو آر کوڈ کا حامل ہونا بھی لازمی ہے اس کے باوجود ان کا بورڈنگ سے پہلے فوری کورونا ٹیسٹ بھی کرایا جاسکتا ہے۔