ویب ڈیسک: ایران میں کورونا کی بھارتی قسم نے تباہی مچا دی، گزشتہ روز ریکارڈ 39 ہزار619 نئے کیسز اور 542 اموات رپورٹ ہوئیں۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ایران میں کورونا کی پانچویں لہر نے سر اٹھا لیا، بھارتی کورونا کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ ایران میں اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیس اور اموات رپورٹ ہوئیں۔ ایرانی وزارت صحت نےکورونا کے ساڑھے 39 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 542 اموات کی تصدیق کی ہے۔
ایران میں 41 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 94 ہزار سے زائد جاں بحق اور 35 لاکھ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ایران بھر میں فعال کیسز کی تعداد 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد ہے۔جن میں سے تقریباً ساڑھے چھ ہزار کی حالت تشویشناک ہے۔
ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی نے مقامی سطح پر تیار کورونا ویکسین لگوا لی ہے۔ کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ابراہیم رئیسی نے پبلک ہیلتھ آفیشلز کو ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔