ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے جیت انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دی

پاکستان نے جیت انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہباز علی : پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف جیتا میچ ہاردیا۔فتح میزبانوں کی جھولی میں ڈال دی۔

میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف ملاتھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے دوبارہ شروع کی اور آخری دو وکٹوں نے 32 قیمتی رنز جوڑے۔دن کے آغاز میں ہی یاسر شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 158 رنز کے مجموعے پر وہ 33 قیمتی رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیورٹ براڈ نے 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔


انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب روری برنس اور ڈوم سبلے نے شروع کیا تاہم 22 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلادی جب انہوں نے روری برنس کو 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 86 پر گری جب ڈوم سبلے 36 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ 96 کے اسکور پر جوئے روٹ بھی 42 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد یاسر شاہ نے بین اسٹوکس کو 9 اور شاہین آفریدی نے اولی پوپ کو 7 پر آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت کی امید دلائی اور اس موقع پر 117 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم اس موقع پر پاکستانی بولرز ڈھیلے پڑ گئے اور جوز بٹلر اور کرس ووکس چھٹی وکٹ پر 139 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کرکےمیچ پاکستان کی پہنچ سے دور کردیا۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 256 کے اسکور پر گری جب جوز بٹلر 75 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم وہ اپنا کام بخوبی انجام دے گئے۔ اس کے بعد اسٹیورٹ براڈ 7 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔کرس ووکس 84 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

 
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں مجموعی طور پر انہوں نے میچ میں 8 شکار کیے۔دوسری اننگز میں نسیم شاہ، محمد عباس اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے شان مسعود کے شاندار 156 رنز اور بابراعظم کے 69 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس طرح پاکستان کو انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کو کرس ووکس اورجوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ اور شاندار کاونٹر اٹیک کو قرار دیا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پانچ وکٹں جلد گرنے کے بعد انگلینڈ نے بہتر بیٹنگ کی۔

 
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے ٹیسٹ کا عمدہ آغاز کیا مگر اختتام اچھا نہیں کرسکے،مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کے بعد ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہناتھا کہ جوز بٹلر اور کرس ووکس کو انگلینڈ کی کامیابی کا کریڈٹ جاتا ہے،دونوں نے بہت عمدہ بیٹنگ کی۔ اظہر علی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز چائے کے وقفے کے بعد ہمارے پاس انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ سے مکمل طور پر آوٹ کرنے کا اچھا موقع تھا جو ہم نے گنوادیا، اس کے بعد انگلینڈ کی پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ہم اس بہتر باولنگ نہ کرسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کرتے وقت توجہ صرف بیٹنگ پرہوتی ہے، اس وقت توجہ سیریز پر ہے، سوشل میڈیاکو بالکل نہیں دیکھ رہا، سیریز میں کم بیک کریں گے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer