ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ، فیصل جاوید کو اسمبلی ہال سے باہر نکال دیا گیا

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ، فیصل جاوید کو اسمبلی ہال سے باہر نکال دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کےلیے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی  کےسینیٹر فیصل جاوید  خان کو اسمبلی ہال سے باہر نکال دیا گیا۔ 

وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس  ساڑھے 11 بجے شروع ہوا تھا جسے اپوزیشن خواتین کے شور شرابے کی وجہ سے نماز ظہر تک ملتوی کردیا گیا، سینیٹر فیصل جاوید  خان بھی ایوان زیریں کی کارروائی دیکھنے کےلیے پارلیمنٹ پہنچے لیکن سکیورٹی نے سینیٹر فیصل جاوید خان  کو اسمبلی ہال سے باہر نکال دیا۔ 

اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سازش کے تحت حکومت کو ہٹایا جارہا ہے ،عمران خان کیخلاف یہ چارج شیٹ ہے کہ انہوں نے کسی سے سمجھوتا نہیں کیا، انہوں نے کاروبار نہیں کیا اور نہ کوئی مل کھولی۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کیلئے ڈٹ کے کھڑے ہیں، وہ بھگوڑوں کی طرح باہر نہیں بھاگیں گے، عدالتی فیصلے کی قدر کرتے ہیں، جس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ عمران خان جا نہیں رہے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جارہے ہیں،کپتان اپنی قوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، آخر تک مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، کبھی کپتان نے اپنی قوم کو مایوس کیا اور نہ قوم کپتان کو مایوس کرے گی۔