(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء شاہد خاقان عباسی نےشاہد خاقان عباسی نے بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آتے ہی سب سے پہلے نیب کا خاتمہ کریں گے، نیب کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چل سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نےنجی ٹی وی کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات ضروری ہیں، موجودہ حکومت نے بہت سے غیر قانونی قانون بنائے جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، پیکا قانون اور الٹی سیدھی الیکشن اصلاحات کی ہوئی ہیں، بغیر مشاورت قانون بنائے گئے، ایک لمبی فہرست ہے، جنہیں ہم نے ختم کرنا ہے، فیصلہ اپوزیشن کرے گی لیکن جلد سے جلد نئے مینڈیٹ کیلئے عوام کے پاس جانا چاہئے، اس سے پہلے اس ملک میں شرافت کی سیاست کو بحال کرنا ہوگا۔
لیگی رہنماءنے کہا کہ نیب کو بھی ختم کرنا ہے، جب تک نیب ہے ملک نہیں چلے گا، احتساب کرنا ہے ایف آئی اے اور ایف بی آر کے قوانین موجود ہیں، اگر احتساب کی نیت ہو تو احتساب ہوجائے گا، ن کے کیسز چلتے رہیں گے، عدالت میں ایک شخص ملا جو 7 سال سے جیل میں ہے، جج نے پوچھا اس کیس میں سزا کتنی ہے تو بتایا کہ 6 سال، یہ نیب کے ظلم ہیں، اس ظلم کا حساب نیب کے افسران اور چیئرمینوں کو دینا پڑے گا۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کے نمائندے اور پارلیمان کے اراکین کے ساتھ مشاورت سے پارلیمان کو چلایا ہے، 2018ء میں حکومت کی آخری 9 دن میں دو تہائی اکثریت سے قانون منظور ہوا، یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ کے دوسروں کے ساتھ تعلقات ہوں، شہباز شریف بھی سب کے ساتھ ہاتھ ملائیں گے۔