(زین مدنی) معروف فلم اداکار حیدر سلطان راہی نے طبیعت خراب ہونے پر خود کو قرنطینہ کر لیا، چار دن سے بخار اور گلے کی تکلیف میں مبتلا تھے۔
معروف فلم اداکار حیدر سلطان راہی نے سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت جس طرح کی ہورہی ہے، طبیعت میں جو خرابی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق وہ کورونا کی ہی نشانی ہے، اس لئے انہوں نے ٹیسٹ کرواتے ہی خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔
حیدر سلطان راہی نے اپنے دوستوں عزیزوں اور مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کریں۔
ادھر حیدر سلطان کے قرنطینہ میں جانے سے ہدایتکار مسعود بٹ نے اپنی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم گوگا لاہوریا کے تیسرے سپیل کی عکس بندی منسوخ کردی، اس فلم میں حیدر سلطان راہی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
کورونا کی تیسری لہرستم ڈھانے لگی، بے احتیاطی اورلاپرواہی کے باعث کورونا کے کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، پاکستان میں ایک روز میں مزید 98 افراد لقمہ اجل بن گئے، چوبیس گھنٹے میں 49 ہزار 816 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5 ہزار 329 افراد کورونا سے متاثر نکلے۔
ادھر پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے، روزانہ محکمہ صحت کے خط میں عوامی سطح پر ویکسی نیشن کی عدم دلچسپی کاانکشاف ہوا۔ ذرائع محکمہ صحت پنجاب نے ویکسی نیشن کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، ضلعی سطح پر کال سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔