(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا ہوم ورک جاری کردیا،ہوم ورک مکمل کرنے والے طلباء کو ہی اگلی جماعت میں پروموٹ کیا جائے گا۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے طلباء کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا ہوم ورک جاری کردیا ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سکولوں میں جاری سالانہ امتحان کو روک کر سکول بند کر دئیے گئے تھے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہوم ورک مکمل کرنے والے طلباء کو ہی اگلی جماعت میں پروموٹ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ سیشن مکمل ہونے کے بعد طلباء کو اگلی کلاس میں پروموٹ کرنا کوئی مشکل کام نہیں۔
دوسری جانب آل ٹیچرز ایسوسی ایشن میونسپل کیڈر کے صدر آصف گوہر کا کہنا ہے کہ طلباء اپنا تعلیمی سیشن مکمل کر چکے ہیں اب دوبارہ سابقہ جماعت کا ہوم ورک دینا طلباء کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ صدر آصف گوہر نے مزید کہا کہ بہتر ہوگا وزیر تعلیم طلباء کو نئے تعلیمی سال کے لئے کتابیں تقسیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔