( ملک اشرف ) ہائیکورٹ کا ایل ڈی اے کو 10 ہزار جرمانہ، عدم ادائیگی اور پیش نہ ہونے پر آمنہ عمران کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری، ڈی جی ایل ڈی اے 12 جون کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے نیو گارڈن ٹاؤن کے رہائشی غلام عباس کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشل ڈائریکٹر ایل ڈی اے رانا ٹکا محکمہ کے لیگل ایڈوائزر وقار اے شیخ کے ہمراہ پیش ہوئے، عدالتی حکم کے باوجود ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران پیش نہ ہوئیں۔ جسٹس عائشہ اے ملک بولیں ڈی جی ایل ڈی اے کو بلوایا تھا کہاں ہیں؟ لیگل ایڈوائزر نے جواب دیا وہ اسلام آباد میں ایک کیس کے سلسلہ میں گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رانا ٹکا آئے ہیں۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے کو بلوایا تھا ایڈیشنل کو نہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے پیش نہ ہونے پر ڈی جی ایل ڈی اے کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 12 جون کو جواب سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 35 سال قبل ایل ڈی اے نے نیو گارڈن ٹاؤن علی بلاک میں پلاٹ نمبر 141 الاٹ کیا، آباؤ اجداد کے انتقال کے بعد پلاٹ ورثاء کو منتقل ہوا، ایل ڈی اے نے 29 اپریل 2015 کو پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی۔ 2017 میں ہائیکورٹ سے رجوع کیا، ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے افسران کو 10 ہزار جرمانہ بھی کیا جو ابھی تک جمع نہیں کروایا گیا۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ پلاٹ منسوخ کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔