ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ڈویژن کے 10 تھیٹرز ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے تھیٹر مالکان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں تھیٹرز کی بندش کے حکومتی فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام کے فیصلہ ہونے تک تھیٹرز کو کھول دیا جائے اور اگر درخواست گزاروں کے خلاف کوئی شکایات ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی طریقے سے کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
ہائیکورٹ نے جن تھیٹرز کو کھولنے کی ہدایت کی ان میں ناز تھیٹر، محفل تھیٹر، ستارہ تھیٹر، ورثہ تھیٹر، سنگم تھیٹر، گلستان تھیٹر، راوی تھیٹر اور نگینہ تھیٹر شامل ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے لاہور میں اسٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کے الزام پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور ڈویژن کے تمام تھیٹرز کو سیل کر دیا تھا۔