سٹی 42: لیسکو نے صارفین کے لئے ناقص اور غیر معیاری میٹرز کی خریداری کر لی، ٹرانسفو پاور انڈسٹریز کے تھری فیز میٹرز میں تنصیب سے قبل ہی خرابیاں سامنے آ گئیں، کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو میں صارفین کیلئے ناقص میٹرز کی خریداری کی وجہ سے کمپنی کیساتھ ساتھ صارفین کو بھی نقصان ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، کمپنی میں خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کے لئے جاری ہونے والے نئے میٹرز بھی خراب نکلے ہیں اور مختلف دفاتر میں تھری فیز میٹرز تنصیب سے قبل ہی خراب ہو گئے، ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسفو پاور کمپنی کے تھری فیز میٹر میں خرابیاں پیدا ہونے لگی ہیں۔
لیسکو نے لاکھوں روپے کی لاگت سے صارفین کے لئے میٹرز کی خریداری کی، جس کے بعد سٹورز سے تھری فیز میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ کے حامل کنکشنز کے لئے جاری کیا گیا، تاہم میٹرز کو بکسز سے نکالنے پر اوپن ہونے کی خرابی سامنے آئی، تھری فیز میٹرز کو گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے جاری کیا گیا ہے، میٹرز خراب نکلنے پر متعلقہ دفاتر کے افسران و ملازمین کو پریشانی کا سامنا ہے۔