( عثمان علیم ) شہر میں نئے لنگر خانے آپریشنل، تحصیل ماڈل ٹاؤن میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل لنگر خانے قائم کردیے، ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا مختلف لنگر خانوں کا دورہ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ حکومت کے لنگر خانہ پراجیکٹ کو تقویت دینے کے لیے متحرک ہوگئی ہے، شہر میں دس نئے لنگر خانے قائم کر دیے گئے۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن شہر کی واحد تحصیل جس میں ریسٹورنٹ نما لنگر خانوں کا قیام کیا گیا ہے۔ جس میں اے سی، ٹیبل اور کرسیوں سمیت متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کے ماڈل لنگر خانوں کا دورہ کیا اور اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا کے کام کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے اچھرہ، کاہنہ اور ہمدرد چوک لنگر خانے کا بھی دورہ کیا۔
اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا کا کہنا ہے کہ تحصیل ماڈل ٹاؤن کے سٹینٹ آف دی آرٹ لنگر خانوں میں مستحق افراد کو باوقار طریقے سے کھانے کی فراہمی کی جاتی ہے تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
لنگر خانوں کا قیام حکومت کا خوش آئند اقدام ہے مگر دیگر اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی اپنی تحصیلوں میں اسی طرز کے لنگر خانے قائم کرنا ہونگے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد یہاں سے مستفید ہو سکیں۔