‘‘سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم ہیں’’

‘‘سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم ہیں’’
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم ہیں، سکھ برادری کو پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے مکمل آزادی حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم کی قیادت میں سکھ برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں رکن پنجاب اسمبلی مہندر پال سنگھ، پرم جیت سنگھ سرنا، ہرمیندر سنگھ سرنا اور روپا کور شامل تھیں۔ سکھ برادری کے وفد نے ننکانہ صاحب میں سکھ لڑکی کی شادی کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آ چکے ہیں، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، ننکانہ صاحب کی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 15 کروڑ روپے کی رقم بھی فراہم کی گئی ہے، ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے سکھ یاتریوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کو سکیورٹی سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا، سکھ برادری کی سہولت کیلئے حکومت نے کرتارپور کوریڈور کھولنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔