( سٹی 42 ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پاکستانی ٹیم سیریز کا کامیابی پر اختتام کرنے جبکہ سری لنکن ٹیم کلین سوئپ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ تیسرا ٹی ٹونٹی میچ اسٹیڈیم کی پچ نمبر سات پر کھیلا جائے گا، گراؤنڈ سٹاف نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے بھی بیٹنگ کے لئے سازگار پچ تیار کی ہے۔
دونوں ٹیموں نے تیسرے میچ سے قبل پریکٹس کرنے کی بجائے مکمل آرام کیا۔ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں تین سے چار تبدیلیوں کا امکان ہے۔ عثمان شنواری، محمد نواز اور حارث سہیل کو قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں بھی دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی حاصل کرکے فتح کے ساتھ اختتام کریں گے جبکہ سری لنکن کپتان داسن شناکا آئی سی سی کی نمبر ون ٹی ٹونٹی ٹیم کو کلین سویپ شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔